راول ڈیم آلودگی! میئراور ڈی سی کی طلبی

فو ٹو: اے پی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)راول ڈیم سیوریج کا پانی اور پولٹری فارمز کا فضلہ شامل ہونے لگا،اسلام آبا د ہائیکورٹ نے میئر اور ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کرلیا۔

صورتحال اسلام آباد ہائیکورٹ میں راول جھیل کو آلودگی اور مضر صحت اجزا ء شامل ہونے سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کے دوران سامنے آئی۔درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی ۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کے دوران کہاچیئرمین سی ڈی اے کے غیر قانو نی اقدامات کی وجہ سے راول جھیل کا یہ حال ہے۔

درخواست پیرفداحسین ایڈووکیٹ ودیگر نے دائر کی جس میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ جھیل کو آلودہ بنانابنیادی انسانی حقوق کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ورزی ہے، عدالت سی ڈی اے،وزارت ماحولیاتی تبدیلی ودیگر کو فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دے۔

درخواست گزار کے مطابق بنی گالہ،بہارہ کہو،ملپور،پھلگراں ودیگر علاقوں کے سیوریج کا پانی راول جھیل میں جارہا ہے، کورنگ نالہ کے اردگرد 170 پولٹری فارمز کا فضلہ بھی راول جھیل میں شامل ہورہا ہے۔

مچھلیاں پکڑنے کا کمرشل ٹھیکہ دیا گیا ، مچھلیوں کی خوراک راول جھیل کو مضر صحت بنارہی ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو طلب کرکے مزیدسماعت دوہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔

Comments are closed.