وزیر اعظم نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح کر دیا
فوٹو: پی آئی اے
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریباً 13 سال کے عرصے میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔
نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز جمعرات 3 مئی سے ہوگا۔
پاکستان ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق نئے ایئرپورٹ پر کراچی سے آنے والی پرواز کے کپتان فرخ مرزا اور زوہیر الیاس فرسٹ آفیسر ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر صدر پی آئی اے اور سی ای او مشرف رسول مسافروں کا استقبال کریں گے۔
جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔
اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر، بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔
نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے مطابق سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے کے لیے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جدید ترین لیزر سیکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔
Comments are closed.