امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد کی افغان طالبان سے ایک اور ملاقات
فوٹو : فائل
ویب ڈیسک
دوحہ :امریکہ اور طالبان کے درمیان مزاکراتی عمل جاری ہے اور اسی سلسلے میں افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملا برادر اور طالبان کے سیاسی امور کے نائب سربراہ سے قطر میں ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات کے حوالے سے افغانستان کی نیوز ایجنسی ‘خاما’ کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ملا محمد فاضل، ملا خیراللہ خیرخوا اور مولوی امیر خان متقی سمیت طالبان کی دیگر سینئر قیادت ملاقات میں شریک تھی۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندے سے ملاقات کے دوران قطر کے وزیرخارجہ بھی موجود تھے اجلاس کے شرکا نے امن عمل سمیت مستقبل میں لیے جانے والے اہم اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
زلمےخلیل زاد سے ملاقات کے حوالے سے طالبان ترجمان سہیل شاہین نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا گزشتہ شام کو امارت اسلامی افغانستان کے نائب سیاسی امور ملا برادر اخوند، ملا محمد فضل، ملا خیراللہ خیرخوا اور مولوی امیر خان متقی کی قطر کے وزیرخارجہ اور زلمے خلیل زاد سے ملاقات ہوئی ہے۔
سہیل شاہین کا قطر میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے حوالے سے سے کہنا تھا کہ مذاکرات کے نتائج اور اس کے بعد کارروائیوں کے حوالے سے چند اہم امور پر بات کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان 2018 میں براہ راست مذاکرات شروع ہوگئے تھے اور اب تک امن مذاکرات کے 11 دور ہوچکے ہیں۔
Comments are closed.