کبڈی کا پہلا ورلڈ کپ آج لاہور میں شروع ہو گا،رنگا رنگ افتتاحی تقریب
فوٹو : فائل
لاہور (سپورٹس ڈیسک) کبڈی کا پہلا ورلڈ کپ آج شام لاہور میں شروع ہوگا، 10 ٹیمیں ان مقابلوں میں میں شرکت کر رہی ہیں، پہلا جوڑ پاکستان اور کینیڈا میں ساڑھے 6 بجے پڑے گا.
پہلے کبڈی ورلڈ کپ کا میزبان پاکستان ہے اور غیر ملکی ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں اور تمام تر انتظامات کو حتمی شکل بھی دی جا چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کبڈی ورلڈ کپ 2020 کا افتتاح کریں گے،افتتاحی تقریب پنجاب سٹیڈیم میں جاری ہے اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں موجود دکانیں سیل کر دی گئی ہیں جب کہ اسٹیڈیم اور ارد گرد کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی کےسخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کے علاوہ مختلف ممالک کی 9 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں بھارت، جرمنی، ایران اور آذربائیجان کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
آج کادوسرا مقابلہ رات 8 بجے ہو گا،پنجاب اسٹیڈیم کے باہر کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے ۔لبرٹی گول چکر پر بھی ایک کاؤنٹر پر ٹکٹس دستیاب ہیں، ٹکٹوں کی قیمت 200 اور 400 روپے رکھی گئی ہے۔
کبڈی ورلڈ کپ کے مقابلے لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور گجرات میں بھی منعقد ہوں گے، بھارتی کبڈی ٹیم بھی شریک ہے، واضح رہے بھارت پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے انکاری ہے لیکن کبڈی ٹیم پاکستان بھیج دی ہے.
Comments are closed.