ٹیکسی سروس کریم پر سائبر حملہ،ایک کروڑ40لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری
اسلام آباد(ویب ڈیسک )دبئی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس کریم کا ڈیٹا سائبر حملے کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری ہو گیا۔
جیو نیوز کے مطابق کریم کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بلاگ میں بتایا گیا کہ رواں برس 14 جنوری کو ہمیں پتہ چلا کہ سائبر ملزمان نے ہمارے کمپوٹر سسٹمز تک رسائی حاصل کی جس میں صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا موجود تھا تاہم 14 جنوری کے بعد رجسٹرڈ ہونے والے صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوا۔
بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور سفر کی تفصیلات چوری کر لی گئیں۔
کریم ویب سائٹ کے بلاگ میں مزید کہا گیا کہ انتظامیہ نے اس معاملے میں کوئی فراڈ یا غلط استعمال نہیں دیکھا، اس لیے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سچائی کے ساتھ اس معاملے کو صارفین کے سامنے رکھیں اور مستقبل میں اْن کے ڈیٹا کی حفاظت کی ذمہ داری کی یقین دہانی کرائیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق کریم کو سائبر حملے کا اس وقت پتہ چلا جب ہیکرز نے ان کے سسٹم پر ایک پیغام چھوڑا۔
کریم کی جانب سے اس حملے کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
آن لائن ٹیکسی سروس کی جانب سے کہا گیا کہ جیسے ہی ہمیں اس واقعے کا علم ہوا تو ہم نے اس کی مکمل تحقیقات کیں اور اپنے سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی ماہرین سے معاونت حاصل کی، ہم اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پورے معاملے میں ہماری ترجیح صارفین اور کیپٹنز کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنا رہی اور اس معاملے کے بعد ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی یہ ہمارے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا، کون اس متاثر ہوا اور ہمیں اپنے نیٹ ورک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔
Comments are closed.