حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع
فوٹو : فائل
لاہور (ویب ڈیسک )لاہور کی احتساب عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی ہے۔
آج احتساب عدالت میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے خلاف مختلف نیب کیسز کی سماعت ہوئی۔
جیل حکام نے منی لانڈرنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز جبکہ چودھری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
جج امیر محمد خان نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 فروری تک توسیع کر دی جبکہ چودھری شوگر ملز کیس میں یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 14 روز کی توسیع کر دی۔
دوسری طرف احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی، سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ضمانت منظور ہونے کے بعد پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے.
دوران سماعت عدالت نے شہباز شریف کے نمائندے کے تاخیر سے پیش ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں باور کرایا کہ انہیں ہر صورت پہلی آواز پر عدالت میں پیش ہونا ہے اگر ایسا نہیں کرسکتے تو نمائندگی چھوڑ دیں۔
حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیس کے اطراف انے والے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹیرز لگا کر بند کر دیا گیا تھا ۔
Comments are closed.