اسرائیلی پاسپورٹ پر کوئی سعودی عرب نہیں آسکتا، سعودی وزیر خارجہ
فوٹو : فائل
ریاض (شاہ جہاں شیرازی)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی شخص اسرائیلی پاسپورٹ پر سعودی عرب نہیں آسکتا کیونکہ سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں.
سعودی وزیر خارجہ نے یہ وضاحت اسرائیل کے اس فیصلے کے تناظر میں دی ہے جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ اسرائیلی شہریوں کو حج و عمرہ یا مخصوص حالات میں سعودی عرب کے سفر کی اجازت دے دی گئی ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق اور مسئلہ فلسطین کی منصفانہ حل کے لئے ہر کوشش کے ساتھ ہیں اور جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان امن معاہدہ طے پاجائے گا تو میرے خیال میں اسرائیل کو خطے کے امور میں شریک کار کرنے کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا.
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات بے حد اہم ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہواور فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملیں. سعودی وزیر خارجہ نے واضح کیا سعودی عرب کی پالیسی غیر متزلزل ہے۔ اسرائیل کے ساتھ ہمارے تعلقات نہیں ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا اسرائیلی باشندوں کا سعودی عرب میں خیر مقدم نہیں ہوگا، اسرائیلی پاسپورٹ پر کوئی بھی شخص فی الوقت سعودی عرب کا دورہ نہیں کرسکتا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے امن منصوبے سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم نے یہ منصوبہ دیکھا ہی نہیں اس لئیے پر کوئی رائے نہیں دے سکتے ہیں.
Comments are closed.