مسلم لیگ ن کے8ارکان اسمبلی کا پارٹی چھوڑنے کااعلان
فوٹو: گریب لائیو پریس کانفرنس
لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے 8ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ جنوبی پنجاب میں باغی ارکان کا نیا گروپ سامنے آگیا۔
لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے 8 ارکان اسمبلی نے پارٹی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ان میں 6 ایم این ایز اور 2 ایم پی ایز شامل ہیں۔
باغی ارکان نے پارٹی چھوڑنے کے اعلان کے ساتھ نئے صوبے کا مطالبہ بھی کیا اورصوبائی حکومت کی جانب سے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے گلے شکوئے بھی کئے۔
منحرف اراکین کی جانب سے بنائے جانے والے نئے گروپ کا نام جنوبی پنجاب محاذ ہوگا۔ خسروبختیار، طاہر بشیرچیمہ طاہر اقبال چودھری، بلخ شیر مزاری ، باسط بخاری، علی اصغر منڈا، طارق محمود باجوہ اور رانا قاسم نون اس گروپ کا حصہ ہیں۔
خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ہماری پریس کانفرنس نئے صوبے کے قیام کا اعلان ہے۔ بلخ شیر مزاری جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مردم شماری نے واضح کر دیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ملک کی آدھی آبادی ہے۔ دنیا میں اس کی کہیں مثال نہیں کہ وفاق کی کسی ایک اکائی میں اتنی زیادہ آبادی ہو۔
خسرو بختار نے دعوی ٰ کیاکہ جنوبی پنجاب کے اہم سیاست دان ہمارے ساتھ ہے۔ باقی ساتھیوں سے بھی رابطہ ہے، آئندہ ہفتوں میں قافلہ بڑھتا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی کے اراکین پنجاب اسمبلی کے باہرکھڑے ہوکرمستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔
نصراللہ دریشک نے صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کا احساس محرومی علیحدہ صوبے سے ہی حل ہوگا۔ ہم آج پاکستان کے استحکام کا آغازکررہے ہیں۔ ۔
باسط بخاری ،رانا قاسم نون نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔
Comments are closed.