آرمی چیف نے وانا میں ایگریکلچر پارک اور مارکیٹ کا افتتاح کیا

 

راولپنڈی (ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمرجاویدب باجوہ نے جنوبی وزیرستان میں دو میگا پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جن منصوبوں کا افتتا ح کیا ان میں وانا میں ایگریکلچر پارک اور مکین میں مارکیٹ شامل ہیں،
ایگریکلچرل پارک میں ایک ہزار ٹن گنجائش کا پراسیسنگ پلانٹ ، ویئر ہاوسز ، گودام اور 128دکانیں ہیں۔

مکین مارکیٹ کمپلیکس میں728دکانیں ، متعلقہ سہولتیں اور چلڈرن پارک ہے۔

اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائی مشکل دور تھا اب استحکام اور ترقی کا مرحلہ ہے۔

انھوں نے کہا کسی کو اجازت نہ دیں کہ وہ جانی اور مالی قربانیوں سے حاصل امن کیلئے خطرہ بنے۔ جتنا جلد ی ہو سکے فاٹا کو مقامی قبائل کی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں لانا ہے۔

آرمی چیف نے کہایہ سب کچھ قبائلی بھائیوں کی حمایت سے حاصل ہوا ہے،قبائلی عمائدین نے امن کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن کے قیام کی جانب سفر میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق مکین میں آرمی چیف نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملے ، تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی اور انھیں یقین دلایا کہ فوج نقیب اللہ محسود کے خاندان کو انصاف دلانے کیلئے تمام تر کوششیں کرے گی۔

کمانڈر پشاور کور اور آئی جی ایف سی کے پی ساوتھ بھی دورے میں آرمی چیف کے ساتھ موجود تھے۔

Comments are closed.