حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر آٹا بحران پیداکیا، بلاول
فوٹو :فائل
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وفاقی حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر آٹے کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا۔
ملک میں آٹے کے بحران کے حوالے سے اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لیے آٹے کا بحران پیدا کیا.
انھوں نے کہاحکومت کے گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی، پی ٹی آئی کی حکومت گندم کے بحران کی ذمہ دار ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم بری طرح ناکام ہوچکا ہے، بلوچستان میں آٹے کے بحران نے سنگین مسائل پیدا کردئیے اور عمران خان دعوے کرنے سے باز نہیں آرہے.
انھوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کو آٹے کی سپلائی پانچ دنوں سے بند ہے اور صوبے کے وزیر عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا اپنے گوداموں سے سندھ کو آٹے کی فراہمی روکنا بڑی ناانصافی ہے، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عوام آٹے کے حصول کے لیے لوگ قطاروں میں کھڑے ہیں.
بلاول بھٹو زرداری نے کہاایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا، یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے، گیس اور بجلی مہنگا کرنے سے بنیادی ضروریات کی تمام اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہورہی ہیں.
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں آج تاریخ کی مہنگی ترین قیمت پر آٹا فروخت ہورہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، جس کی جو مرضی ہے وہی قیمت وصول کر رہا ہے.
Comments are closed.