نواز شریف یا ان کے خاندان کیلئے این آر او قبول نہیں، تحریک انصاف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف نے وزیرِ اعظم کی جانب سے اداروں سے بات چیت کا بیان انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے، پی ٹی آئی نے نواز شریف اور ان کے خاندان کیلئے کسی بھی قسم کا این آر اور قبول نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے دنیا نیوز نے ذرائع سے خبر دی ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے کہاگیا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم سے ملزموں جیسا سلوک کیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیرِ صدارت پارٹی کا غیر معمولی اجلاس ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پی ٹی آئی نے نواز شریف اور خاندان کیلئے کسی قسم کا این آر قبول نہ کرنے اعلان کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کی جانب سے اداروں سے بات چیت کا بیان انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف قانون کے یکساں اور بے لاگ نفاذ کے علاوہ کوئی رستہ قابل قبول نہیں کرے گی، نواز شریف کیساتھ وہی برتاوٴ کیا جانا چاہیے جیسا چوری اور دیگر جرائم میں ملوث عام شہریوں کیساتھ کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق اجلاس میں صادق سنجرانی سے متعلق وزیرِ اعظم کے بیان کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے بیان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ آئینی طور پر منتخب فرد کے بارے میں وزیرِ اعظم کا بیان منصب کے منافی ہے۔
Comments are closed.