اسلام آباد یونائیٹڈپی ایس ایل تھری کی چمپین
کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔لوک رونکی مین آف دی میچ قرار پاہے۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔
پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیرن سیمی سمیت کوئی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، کرس جارڈن 36 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ آخری وکٹ پر وہاب ریاض نے 14 گیندوں پر 28 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 148 تک پہنچایا۔
اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے تین جبکہ سمت پٹیل اور حسین طلعت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں اسلام آباد نے 149 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 16.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔
اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی 52، صاحبزادہ فرحان 44 اور آصف علی صرف 6 گیندوں پر 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پشاور کے وہاب ریاض، حسن علی اور کرس جارڈن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد کے اوپنر بیٹسمین لیوک رونکی نے کامران اکمل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پی ایس ایل تھری کے ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
کامران اکمل نےپی ایس ایل تھری کے 13 میچز میں 425 رنز بنائے اور یہ ریکارڈ لیوک رونکی نے 11 میچز میں 431 رنز بناکر توڑ دیا۔
اسلام آباد کو پہلا نقصان 96 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب جارح مزاج بیٹسمین لیوک رونکی 52 رنز بناکر کرس جارڈن کا شکار ہوگئے۔
97 کے مجموعی اسکور پر اسلام آباد کی دوسری وکٹ بھی گر گئی اور اس بار چیڈوک والٹن بغیر کوئی رن بنائے عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
102 کے مجموعی اسکور پر اسلام آباد کے کپتان جے پی ڈومینی بھی 2 رنز بناکر کرس جارڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اوپنر آنے والے صاحبزادہ فرحان 44 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
اسلام آباد کی پانچویں وکٹ 115 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب سمت پٹیل 10 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان بھی صرف ایک رن بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔
ساتویں وکٹ 148 کے مجوعی اسکور پر حسین طلعت وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 7 رنز بنائے۔
اس کے بعد آصف علی اور فہیم اشرف نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو ٹائٹل دلوادیا۔
Comments are closed.