تبدیلی سرکار نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرول 2 روپے 61 پیسے مہنگا


فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) تبدیلی سرکار نے نئے سال کے پہلے دن ہی عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 10 پیسے تک اضافہ کر دیا۔ایل پی جی بھی فی کلو 25روپے مہنگی ہو گئی.

اوگرا کی جانب سے سے قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دیتے ہوئے وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن  جاری کر دیا.

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 10 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 116 روپے 60 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 26 پیسے ہوگی۔

قیمت میں اضافہ کے بعد مٹی کا تیل اب 99 روپے 45 فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 84 روپے 51 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں جنوری 2020 کے لیے نافذالعمل ہوں گی اور ان کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 25 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے۔

اوگرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلینڈ کی قیمت ایک ہزار 513 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 791 روپے ہوگئی ہےایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق بھی جنوری 2020 کے لیے ہوگا۔

Comments are closed.