بلاول کی ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت گرانے کے بدلے سندھ میں وزارتوں کی پیشکش
فوٹو : فائل
کراچی(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کے بدلے سندھ میں وزارتیں دینے کی پیشکش کردی.
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نےکراچی میں میگا منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے، ایم کیو ایم اس حکومت کو گرادے ہم آپ کا ساتھ دیں گے.
انھوں نے کہا کراچی اور اس کے عوام کی خاطر جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن صرف شرط یہ ہے کہ عمران خان کی حکومت ختم کرائیں ۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ موجود حالات میں سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں کام ہورہا ہے، غیر ملکی جریدوں نے سندھ حکومت کی اس پالیسی کو سراہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگ نکالے گئے ہیں، سندھ حکومت اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کرے، غریب سے ایک ہزار روپے چھیننے والے سیاستدانوں پر لعنت ہو۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کے مطالبات پورے نہیں کیے جارہے جب کہ وفاق کی گیس پالیسی کی مذمت کرتے ہیں، گیس کے مسئلے پر سندھ کا حق مارا جارہاہے لہذا ہمیں وفاق سے اپنا حصہ چھیننا پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر قائد کی ترقی ہماری خواہش ہے، شہر قائد میں پورے پاکستان کے لوگ بستے ہیں، ہمارا کام نظر بھی آتا ہے اور ہم دکھا بھی سکتے ہیں، ملک کے عوام مسائل میں گھرے ہیں۔
Comments are closed.