عمران خان کا دامن صاف، احتساب کا خوف نہیں، فردوس عاشق
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ملک کی سب سے بڑی عدالت نے صادق اور امین قرارد یا ہے انکا دامن صاف ہے اس لئے انھیں احتساب کاکوئی خوف نہیں ہے۔
فردوس عاشق اعوان کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیاہے کہ نیب آرڈی ننس میں ترمیم کے بعد اب پبلک آفس ہولڈرز بلاخوف و خطر عوامی مفاد میں فیصلے کر سکیں گے۔
انھوں نے کہااب اس سے گورننس مزید فعال ، معیشت مستحکم اور تجارتی ماحول ساز گار ہو جائے گا،نیب کاکام میگا کرپشن اسکینڈلز کے خلاف کارروائی کرنا ہے اور نیب اب زیادہ قوت سے اپنا کام کر سکے گا۔
وزیراعظم عمران خان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق کاکہنا تھا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف بھر پور انداز میں جہاد کررہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
معاون خصوصی نے واضح کیا کہ ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی جھنوں نے طریقہ کار کی غلطیوں یا محکمانہ نقائص سے ذاتی مفادات حاصل کئے ہوں ،اختیارات کا ناجائزہ استعمال کرکے اثاثے بنانے والے پبلک آفس ہولڈرز ہر گزمبرا نہیں ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان کے بدترین مخالف بھی وزیراعظم کے خلاف کرپشن کاالزام لگانے میں ناکام رہے ہیں اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے ۔
انھوں نے کہا کہ نیب کے خلاف محاذ کھولنے والے ن لیگی ترجمانو ں کا نیب آرڈی ترمیمی آرڈیننس پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔
یاد رہے قومی احتساب دوسرا ترمیمی آرڈیننس 2019صدر کے دستخط کے بعد نافذالعمل بھی ہو چکا ہے جس کے بارے میں شہزاد اکبر آج شام پریس کانفرنس میں میڈیا کو کی گئی ترامیم کے بارے میں تفصیلات بتائیں گے۔
واضح رہے کل مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف نے احتساب ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کردیا تھا اور اسے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اپنے دوستوں کو نوازنے کی کوشش قرار دیا تھا جس کے جواب میں آج فردوس عاشق عوام کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
Comments are closed.