مریم نواز کی تیز زبان سے پارٹی بند گلی میں جا رہی ہے، چودھری نثار
اسلام آباد: ( ویب نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چودھری نثار نے وارننگ دی ہے کہ مریم نواز کی تیز زبان سے پارٹی بند گلی میں جا رہی ہے، کٹھ پتلیوں کے ذریعے الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو تفصیلی وضاحت کا حق محفوظ ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں سابق وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے نواز شریف اور مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے بڑے صبر اور تحمل سے حالات اور معاملات کو برداشت کیا اور کوشش کی کہ کسی معاملے پر اس حد تک ردعمل نہ دوں جس سے پارٹی کو نقصان پہنچے۔
میں نے کافی حد تک خود کو قومی سیاست سے الگ کر کے حلقے تک محدود کیا، افسوس ایک مخصوص لابی میری ذات کو مختلف طریقوں سے نشانہ بناتی رہی۔ خود ساختہ لطیفوں، طنزیہ جملوں اور نہ ہونے والے واقعات کا حوالہ دے کر نشانہ بنایا جاتا رہا۔
چودھری نثار نے کہا کہ کبھی منظورِ نظر صحافیوں سے طے شدہ سوالات کرا کے اشار? تضحیک کی کوشش کی گئی۔ اس کا واضح مہرہ ایک شخص تھا جس کا مسلم لیگ سے کوئی نظریاتی یا سیاسی ناطہ نہیں، کٹھ پتلی کبھی اپنی طاقت پر نہیں ناچتی۔
سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کے گزشتہ دن کے شعر اور ان کی بیٹی کے بیان نے ردعمل دینے پر مجبور کیا۔ میاں صاحب! احسان انسان نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ انسانوں پر کرتا ہے، اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ نے لوگوں پر احسان کیے، پھر تو بہت سے لوگوں نے آپ کو بھی اس مقام پر پہنچانے کیلئے احسان کیا ہو گا، آپ کو ان لوگوں کا بھی احساس اور احسان مند ہونا چاہیے۔
چوہدری نثار نے کہا جہاں تک مریم نواز کا تعلق ہے تو ان کی تیز و تند زبان کی وجہ سے پارٹی بند گلی میں جا رہی ہے، میں ان کی باتوں کا جواب اسی پیرائے میں دے سکتا ہوں، مگر میرے دل میں ا?ج بھی ان کے خاندان کا احترام ہے، اس لیے آج صرف منیر نیازی کے شعر کے ذریعے ہی تبصرہ کروں گا۔
ادب کی بات ہے ورنہ منیر سوچو تو
جو شخص سنتا ہے، وہ بول بھی تو سکتا ہے
چودھری نثار نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں یہاں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میں نے خود پر نئی پابندی صرف آج کے بیان تک لگائی ہے، مہروں اور کٹھ پتلیوں کے ذریعے الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو تفصیلی وضاحت کا حق محفوظ ہے۔
Comments are closed.