مردان کی وومن یونیورسٹی میں پشتو کلچر اور سائنس شو
مردان (ویب ڈیسک )مردان کی وومن یونیورسٹی میں پشتو کلچر اور سائنس شو کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی اور نو منتخب سینیٹر، سینیٹر مہرتاج روغانی مہمان خصوصی تھیں ،جبکہ ان کے علاوہ جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین و دیگر فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔
ثقافتی شو میں حجرے، ملبوسات اور نوجوان لڑکیوں کے استعمال کی روایتی چیزوں پر مبنی نمائشی سٹالز لگائے گئے تھے۔
مہمان خصوصی نے ان سٹالز کا معائنہ کیا اور طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔
سٹیج پروگرامات سے محظوظ ہونے کے بعد اپنے خطاب مین سینیٹر مہرتاج روغانی کا کہنا تھا کہ مردان وومن یونیورسٹی نے قلیل عرصہ میں کافی ترقی کی ہے اور ہمیں چاہیے کہ خواتین کی تعلیم اور ترقی پر خصوصی توجہ دیں۔
ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے طالبات سلمہ اور صدف حبیب نے ثقافتی شو بارے بتایا کہ خواہ ہم جتنی بھی ترقی کریں ہمیں اپنی ثقافت اور روایات کو بھولنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان سٹالز پر ان کے ہاتھ کی بنائی گئی چنگیریاں، کاجل کیلئے پاوٴچز و اس طرح کی دیگر ان اشیاء کی نمائش کی جا رہی ہے جو ہماری ثقافت کا حصہ ہیں اور ہم اپنی ثقافت کبھی بھولیں گی نہیں۔
Comments are closed.