میڈیا کو دھمکانے والے وکیل رہنماعمیر بلوچ کو نوٹس جاری، لائسنس معطل
فوٹو : سکرین گریب
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )صحافیوں کو دھمکی دینے والے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد عمیر بلوچ کو عدالت میں پیشہ ورانہ رویہ اور توہین کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیاگیا
یہی نہیں بلکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمیر بلوچ کا ہائی کورٹ کی حد تک وکالت کا لائسنس بھی 19 کو ہونے والی اگلی سماعت تک معطل کردیا ہے۔
گزشتہ روز جنرل سیکریٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے دوران سماعت تمام وکلا کو چیف جسٹس کی عدالت سے زبردستی باہر نکال دیا تھا،ان کا موقف تھا کہ بار نے لاہور میں وکلا پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کے خلاف ہڑتال کر رکھی ہے۔
جب عمیر بلوچ وکلا کو باہر نکالنے کے لیے جب کمرہ عدالت میں داخل ہوئے تو ان کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے مکالمہ بھی ہوا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ان سے کہا کہ آپ میری عدالت میں ہڑتال نہ کریں، جس پر عمیر بلوچ کا کہنا تھا کہ آپ نے جب وکلا تحریک میں عدالتوں میں ہڑتال کی تو ہم آپ کے ساتھ تھے.
انھوں نے کہا آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹروں کی جانب سے وکلا کے خلاف وائرل ہونے والی ویڈیو کی مذمت کرتے ہیں اور لاٹھی چارج اور شیلنگ کے خلاف وکلا آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔
جواب میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیشہ ورانہ رویہ اختیار نہ کرنے اور توہین کرنے پر سیکریٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن عمیر بلوچ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ عمیر بلوچ روسٹرم پر آئے ان کا رویہ پیشہ ورانہ نہیں تھا اور انہوں نے کہا کہ ججز کو ہڑتال روکنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
عدالت نے عمیر بلوچ، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے ۔
میڈیا کو دھمکی دینے والے عمیر بلوچ نےبعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا پرامن مظاہرہ کر رہے تھے لیکن ڈاکٹرز نے ان پر حملہ کیا جس کے بعد وکلا نے اپنے دفاع میں جواب دیا۔
انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ میڈیا معاملے کو یکطرفہ طور پر دکھا رہا ہے اور ساتھ ہی دھمکی دی کہ اگر میڈیا معاملے کا ایک رخ ہی دکھاتا رہا تو وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا کے داخلے پر پابندی لگادیں گے.
گزشتہ روز میڈیا کو وارننگ اور دھمکی دینے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جسے میڈیا نے کوریج بھی دی تھی جب کہ عمیر بلوچ کے موقف کے بر عکس لاہور کا واقعہ بھی عوام نے میڈیا پر خود دیکھا تھا.
Comments are closed.