آصف علی زرداری کو رہا کر دیا گیا

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کو اڈیالہ جیل سے ضروری قانونی کارروائی کے بعد آج رہا کر دیا گیا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی .

https://twitter.com/TayyabGulfam/status/1205090443932979200

عدالت نے گزشتہ روز ضمانت منظور کی تھی آج باقی تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد رہا کیا گیا، آصف علی زرداری کو رہائی کے بعد زرداری ہاوس لے جایا جائے گا اور امکان ہے کہ آج رات کراچی منتقل کردیا جائے گا.

پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے بتایا کہ کراچی میں ڈاکٹروں سے رابطے میں ہیں ممکن ہے انھیں کراچی کے کسے اسپتال میں منتقل کر دیں گے.

گزشتہ روز چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دورکنی خصوصی بنچ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت کی سماعت کی تھی ۔

نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اور آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ عدالت کے حکم پر نیب پراسیکوٹر جہانزیب بھروانہ نے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ پڑھ کر سنائی۔

میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری دل کے عارضے سمیت مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں شوگر کی بیماری بھی لاحق ہے۔

عدالت نے دونوں مقدمات میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانتی مچلکے داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ضمانت سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

اس سے چند دن پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed.