میانوالی اور چکوال میں ٹریفک حادثات،11 افراد جاں بحق
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) میانوالی اور چکوال میں ٹریفک حادثات میں 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے.
میانوالی کے نواحی علاقے پپلاں کے قریب گاڑی بے قابو ہوکر مین لوئر برانچ نہر میں جاگری، جس سے گاڑی میں سوار 7 افراد ڈوب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے ایک شخص کو نکال لیا جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
مقامی افراد کے مطابق نہر میں ڈوبنے والے افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں 2 مرد، 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
ادھرچکوال کے علاقے دھرابی کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 12 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثہ کا شکار ہونے والی مسافر کوچ تلہ گنگ سے فیصل آباد جارہی تھی دھرابی کے قریب بےقابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے 12 مسافر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال چکوال منتقل کیا گیا، جہاں طبی عملے نے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جب کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے.
اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہے، زخمیوں میں سے کچھ کی حالت ابھی بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
Comments are closed.