چیف الیکشن کمشنر سردار رضا ریٹائرڈ، الیکشن کمیشن غیر فعال ہوگیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا پانچ سالہ مدت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے ہیں اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن غیر فعال ہو گیاہے۔
ضابطے کی کارروائی کے مطابق سینئر ممبر جسٹس الطاف ابراہیم آج قائم مقام کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے، الیکشن کمیشن میں بلوچستان اور سندھ سے ارکان بھی تعینات نہ ہو سکے جس کے بعد اب الیکشن کمیشن صرف دو ارکان پر مشتمل ہونے کے باعث فیصلہ سازی کی پوزیشن میں نہیں رہا۔
تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کے حوالے سے اپوزیشن مطالبہ بھی کررہی تھی اور پر امید بھی تھی کہ اس کیس کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کی ریٹائرمنٹ سے قبل ہو جائے گا لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا کیونکہ سکروٹنی کمیٹی کو دیا گیا کام وقت طلب ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے پر ریٹائر منٹ کے بعد کمیشن کے ممبر بلوچستان اور سندھ بھی تاحال تعینات نہیں ہو سکے اس لئے صرف دو ارکان کی موجودگی میں الیکشن کمیشن غیر فعال ہو گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن میں گزرے اپنے آخری روز افسران اور سٹاف سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بطور ادارہ مزید بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات کا پرامن انعقاد اہم سنگ میل تھا۔ الوداعی تقریب میں الیکشن کمیشن کے عملے نے چیف الیکشن کمشنر پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔
الیکشن کمیشن میں تینوں بڑی جماعتوں کی فنڈنگ کے حوالے سے بہت اہم کیسز سنے جارہے تھے لیکن اس دوران چیف الیکشن کمشنر کی مدت مکمل ہونے کے باعث کچھ دیر کیلئے یہ عمل رک گیاہے۔
Comments are closed.