سابق صدر پرویز مشرف کا آئین شکنی کیس پر ویڈیو پیغام
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میری نظر میں آئین شکنی کیس بےبنیاد ہے، کیس میں زیادتی ہورہی ہے،میں بیمار ہوں اور انصاف کا تقاضہ پورا نہیں ہوا ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری طبعیت بہت خراب ہے، علاج کے سلسلے میں اسپتال آنا جانا لگا رہتا ہے، چکر آنے کے بعد جب بے ہوش ہوا تو مجھے فوری طور پر اسپتال پہنچادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں کمیشن میرابیان ریکارڈ کرے، آ کر مجھ سے میرا بیان لیں میں بیان دینے کےلیے تیارہوں، اگر کمیشن میرا بیان لے تو اس کی بات عدالت میں سنی جائے۔
دبئی کے ایک ہسپتال سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت بہت خراب ہے اور یہ کہ انھیں اکثر ہسپتال میں داخل کروایا جاتا رہا ہے۔
اپنی خراب صحت کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح بھی غنودگی ہونے کے بعد بیہوشی کی حالت میں انھیں ہسپتال لایا گیا۔
پرویز مشرف کا آئین شکنی اور سنگین غداری سے متعلق مقدمے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’یہ کیس میری نظر میں بالکل بے بنیاد ہے۔ غداری چھوڑیں، میں نے تو اس ملک کے لیے بہت خدمات انجام دی ہیں، جنگیں لڑی ہیں اور دس برس ملک کی خدمت کی ہے۔‘
واضح رہے کہ سابق فوجی صدر کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے 28 نومبر کو پرویز مشرف کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے پانچ دسمبر تک حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بعد عدالت کوئی درخواست نہیں لے گی۔
پرویز مشرف نے کہا کہ کیس میں میری شنوائی نہیں ہورہی، عدالت میں میرے وکیل سلمان صفدر کو بھی نہیں سناجارہا، کیس میں میرے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، انصاف کا تقاضہ پورانہیں ہوا لیکن امید ہے کہ مجھے عدالت سے پورا انصاف ملے گا۔
Comments are closed.