شہبازشریف کے تمام اثاثے منجمد، رانا ثناء اللہ کے اثاثوں کی تحقیقات کا فیصلہ
لاہور(ویب ڈیسک) نیب لاہور نے شہباز شریف کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے نےرانا ثنا اللہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی، نیب رانا ثناءکے اثاثوں کی تحقیقات کرے گا۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں.
منجمد کیے جانے والے اثاثوں میں لاہور کی 96 ایچ اور 86 ایچ ماڈل ٹاؤن کی پراپرٹی سمیت ایبٹ آباد ڈھونگا گلی میں 9 کنال کا پلاٹ اور ہری پور میں 2 پراپرٹیزشامل ہیں۔ اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن میں 13 پراپرٹیاں، چنیوٹ میں 2 پراپرٹیاں اور ڈیفنس فیز 5 لاہور میں پلاٹ بھی شامل ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں چیئرمین جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بدعنوانی کے مختلف ریفرنسز، انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے خلاف اثاثہ جات کیس کی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی.
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے.
انھوں نے 25 ماہ میں 630 بدعنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے، 910 ارب روپے مالیت کے 1270 ریفرنسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، نیب نے 25 ماہ میں 73 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اجلاس کے دوران ن لیگی ایم این اے رانا ثنا اللہ کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی، نیب رانا ثنا کے اثاثوں کی تحقیقات کرے گا۔
Comments are closed.