عدالتی فیصلے سے اداروں میں تصادم چاہنے والے مایوس ہوئے، وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے آج سپریم کورٹ کے فیصلے سے اداروں کے درمیان تصادم چاہنے والے مایوسی ہوئے ہوں گے ۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ آج ان کو ضرور مایوسی ہوئی ہو گی جو اداروں میں تصادم چاہتے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ اداروں میں تصادم نہیں ہوا، بیرونی دشمن اور اندرونی مافیاز کو خصوصی مایوسی ہوئی۔
اپوزیشن کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت باہر بھیجنے والے مافیاز اس لوٹ مار کے تحفظ کے لیے ملک کو غیر مستحکم کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نےبطور ریکارڈ یہ بھی لکھا کہ 23 سال پہلے ہم پہلی سیاسی جماعت تھے جس نے آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کی بات کی۔
عمران خان نے مزید بتایا کہ 2007 میں عدلیہ کی تحریک کے دوران تحریک انصاف سب سے آگے تھی اور مجھے جیل بھی جانا پڑا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ پر فخر ہے کہ ہم نے ان جیسا ایک زبردست منصف پیدا کیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے مسئلہ بخیر وخوبی حل ہو گیا، عدالت کے فیصلے کا احترام ہے، تمام مسائل پر اپوزیشن سے بات کریں گے، امید ہے کہ اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیصلے سے متعلق کابینہ کا اجلاس ہو گا، ہم کوئی ایسا راستہ نہیں چھوڑیں گے جس سے پاکستان کے دشمنوں کو بغلیں بجانے کا موقع ملے۔
Comments are closed.