سینیٹ کی پیپلز پارٹی کی چھوڑی گئی نشست تحریک انصاف نے جیت لی
پشاور(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا پیپلز پارٹی کی چھوڑی گئی سینیٹ کی نشست تحریک انصاف نے جیت لی ۔
خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست کے لیے تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ اور پیپلز پارٹی کے فرزندعلی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ تھا۔
145 ارکان پر مشتمل خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ ہوئی۔ جماعت اسلامی کے 3 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جب کہ پی ٹی آئی کے تاج محمد ترند، آزاد رکن فیصل زمان اور اے این پی کے فیصل زیب بیرون ملک ہونے کے باعث اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کرسکے۔
اسپیکر نے نتیجے کا اعلان کیا جس کے مطابق 139 ارکان نے پولنگ میں حصہ لیا، پی ٹی آئی کے ذیشان خانزادہ 104 لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ پیپلز پارٹی کے فرزند علی نے 31 ووٹ لیے، 4 ووٹ مسترد کئے گئے۔
ذیشان خانزادہ کی کامیابی کے اعلان پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق رکن خیبر پی کے اسمبلی اور خواتین ونگ کی صوبائی صدر نگہت اورکزئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کا ایک اور لوٹا مبارک ہو.
انھوں نے کہا جو بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کا نہ بنا وہ ان کا کیا بنے گا، اپوزیشن کے 4 ووٹ سلپ ہوئے جو نشان لگا کر ضائع کیے گئے، جنہوں نے ووٹ ضائع کیے ان کی تلاش ہوگی۔
یاد رہے کہ یہ نشست پیپلز پارٹی کے خانزادہ خان کی جانب سے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے بیٹے ذیشان خانزادہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور انہیں ہی اس نشست کے لیے ٹکٹ دیا گیا۔
Comments are closed.