وزیراعظم کی قرآن پاک کی بےحرمتی پر او آئی سی کاہنگامی اجلاس بلانے کی ہدایت


فوٹو : پی ٹی آئی آفیشل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کور کمیٹی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی بھی زیر بحث آئی.

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ناروے میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنےکے واقعے کی شدید مذمت کی اور وزارت خارجہ کو  اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ کرکے اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کیلئے خط لکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نےناروے میں توہین قرآن کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام مخالف کارروائیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ناروے واقعہ اسلامو فوبیا کی ایک تازہ مثال ہے لیکن اسلام مخالف کارروائیاں کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

کور کمیٹی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی گئی، اس حوالے سے بابر اعوان کو اہم ٹاسک بھی دیا گیاذرائع کے مطابق کور کمیٹی ارکان نے پنجاب حکومت کے انتظامی امور پر تحفظات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک اسلام مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص نے ناروے کے کرستیان ساند شہر کے پر رونق علاقے میں پہلے ایک مجمع لگایا اور پھر لوگوں کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔

مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کو آتشزدگی سے بچانے کے لیے ایک نوجوان الیاس تیزی سے آگے بڑھا اور اسلام مخالف شخص کو قرآن پاک کی بے حرمتی سے روکا جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے اس کی پذیرائی کی جارہی ہے ۔

دنیا بھر کے مسلمانوں میں اس واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ دفترخارجہ اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی توہین قرآن کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

اجلاس میں سی پیک، موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اور وفاقی حکومت کی کارکردگی بھی زیر غور آئی.

Comments are closed.