الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ پڑتال کرے گی، ترجمان
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد خان نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نہیں بلکہ سکروٹنی کمیٹی پارٹی فنڈنگ کیس میں روزانہ کی بنیاد پر سکروٹنی کرے گی.
ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ہوئے ترجمان نے وضاحت کی کہ ٹی وی چینلز نے اس حوالے سے غلط رپورٹ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کیس کی روزانہ سماعت کرے گا.
اپوزیشن کی درخواست منظور ی کے بعد 26 نومبر سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس میں جمع ہونے والی درخواستوں اور اور ثبوتوں کی جانچ پڑتال کے لیے سکروٹنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں سینیئر افسر شامل ہیں.
انھوں نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی اپنا کام مکمل کرکے رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی تب آگے کچھ کارروائی ہوسکے گی ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ عمل کب تک مکمل ہو جائے گا.
رہبر کمیٹی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب اور خیبر پختونخواہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی چلائے اور جلد از جلد معاملے کو نمٹایا جائے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سماعت کیلئے پہلے ہی 26 نومبر کی تاریخ مقرر کر چکا ہے، 26 نومبر سے کارروائی روزانہ کی بنیاد پر ہو گی، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ایسے اکاؤنٹس پر جواب مانگ رکھا ہے جو سالانہ گوشوراروں میں ظاہر نہیں تھے۔
رہبر کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بدھ کے روز درخواست دائر کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے سے قبل تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے.
یاد رہے دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کو کام سے روکا جائے۔
Comments are closed.