تھاکوٹ پل پر ٹریفک جام، جے یو آئی کا حکومتی غصہ عوام پر نکالنے کاسلسلہ جاری
فوٹو : محمد یوسف
چھترپلین (زمینی حقائق ڈاٹ کام) جمعیت العلمائے اسلام ف کے حکومت مخالف احتجاج میں عوام کو سزا دینے کا سلسلہ جاری ہے اور آج شاہراہِ قراقرم کو تھاکوٹ کے مقام پر بند کیا گیا.
سڑک بند کرنے والوں میں ضلع بٹگرام تور غر اور شانگلہ کے کارکنان شامل رہے،شدید بارش اور سردی کے باوجود شہری سڑک بند ہونے کے باعث تھکاوٹ پل کے اطراف قطاروں میں لگے رہے.
تھاکوٹ کے مقام پر دھرنے کی قیادت سابق ممبر قومی اسمبلی قاری محمد یوسف سابق وفاقی وزیر الحاج عالم زیب خان سابق ممبر صوبائی اسمبلی شاہ حسین خان آلائ سابق ضلع ناظم بٹگرام جمال عبدالناصر خان اور دیگر نے کی.
تھاکوٹ کے مقام سے شاہراہِ قراقرم کی بندش کی وجہ سے گلگت سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے گلگت جانے والےمسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس دوران شہریوں کا مظاہرین سے تصادم بھی ہوا.
شہریوں کا موقف تھا جے یو آئی ف کو جہاں احتجاج کرنا تھا وہاں سے بھاگ کر واپس آگئے ہیں اور عام لوگوں کے راستے بند کر کے حکومت کا غصہ عوام پر نکالا جارہا ہے،
شدید بارش اور سردی نے بھی شاہراہِ ریشم پر پھنسے ہوئے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کیا،متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے دونوں اطراف پر مسافروں کی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں پھنسے ہوئے مسافروں میں بوڑھے خواتین اور بچے بھی شامل تھے.
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری بھی ڈی پی او بٹگرام عبد الروف بابر قیصرانی کی قیادت میں موجود رہی لیکن متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ بھی شہریوں کی مدد نہ کر سکی.
اس موقع پر زمینی حقائق ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے رہنما قاری محمد یوسف اور جمال عبدالناصر خان نے کہا کہ مرکزی قیادت کے فیصلہ تک دھرنا جاری رہے گا.
Comments are closed.