میرا عمراکمل کے ساتھ موازنہ نہ کیا جائے، احمد شہزاد


فوٹو: انٹر نیٹ

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کیلئے تینوں فارمیٹ میں سنچری میکر احمد شہزاد نے عمر اکمل کے ساتھ موازنہ کرنے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ میراعمراکمل کے ساتھ موازنہ نہ کیا جائے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں احمد شہزاد نے واضح کیا کہ کبھی مجھ سے غلطی ہو سکتی ہے اور کبھی عمر اکمل سے ، لیکن ہمارے غلطیاں ایک دوسرے پر ڈال کر موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا کہ میں نے زندگی میں اتنی محنت نہیں کی جتنی گزشتہ دو برسوں میں کی، بدقسمتی ہے کہ دو میچوں میں پرفارم نہ کر سکا، زندگی میں نشیب وفراز آتے رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا انسان مشکل وقت سے نکلنے کے لئے سخت محنت ہی کر سکتا ہے جو میں نے کی ہے، آگے جا کر مزید محنت کا سلسلہ جاری رکھوں گا، ہو سکتا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل میں ٹریننگ کے لئے آسٹریلیا جاوں۔

احمد شہزاد نے کہا سری لنکا کے خلاف 2 میچوں میں موقع ملا لیکن پرفارم نہ کر سکا، کچھ ٹارگٹ بنا کر تیاری کر رہا ہوں،ایک سوال پر احمد شہزاد نے کہا کہ جب کھلاڑی میں یہ ڈر بیٹھ جائے کہ اگر ایک، دو میچ میں پرفارم نہ کر سکا تو باہر ہو جائے گا تو دباو بڑھ جاتا ہے۔

انھوں نے کہا دنیا کی طرح ہمارے ہاں بھی ایسے پلیئرز ہیں جن کو پوری سپورٹ ملی ہے، مستقبل میں ایک اچھی ٹیم بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، ینگسٹر کی آمد کا سلسلہ خوش آئند ہے۔

اوپنر احمد شہزاد نے کہا آسٹریلیا کی کنڈیشنز ایشیائی ٹیموں کے لئے ہمیشہ ہی ٹف رہی ہیں،وہاں پر جو کھلاڑی عمدہ پرفارمنس دکھاتا ہے اس کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے،وہاں جا کر میزبان ٹیم کے خلاف اچھا کھیلنا کوئی آسان نہیں۔

انھوں نے کہا کپتان بابر اعظم کے ساتھ موسی، خوشدل، افتخار کو اچھی پرفارمنس دیکھ کر اچھا لگتا ہے، پر امید ہوں کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اچھی ٹیسٹ سیریز دیکھنے کو ملے گی امید رکھنی چایئے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سے بہتر کارکردگی دکھائے گی۔


احمد شہزاد نے اس بات پر بھی تعجب کااظہارکیا کہ میرے فینز اور کرکٹ شائقین مجھ سے کیوں نالا ں ہیں ، انھوں نے کہا کہ میں نے تو اپنے رویہ کو بھی بہتر بنا لیا ہے اورٹیم میں بھی واپسی کیلئے سخت محنت کررہاہوں ۔

Comments are closed.