وزیراعظم عمران کے استعفے تک آزادی مارچ دھرنا جاری رکھنے کااعلان


فوٹو:فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )جمیعت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے تک آزادی مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ جے یو آئی ف کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا،اجلاس کے حوالے سے جے یو آئی کے سینئر رہنما مولاناعبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے وزیراعظم کے استعفے تک آزادی مارچ اور تحریک جاری رہے گی ،تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ تحریک اسلام آباد بیٹھ کر جاری رہے گی یا واپس جا کر بھی جاری رکھیں گے۔

کل رات سے جاری باری کی وجہ سے دھرنا کے شرکا کو ہونے والی مشکلات پر جے یو آئی (ف) نے وزیراعظم کے تعاون کی پیشکش کو بھی مسترد کردیا ہے،مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم اپنے تعاون کو جیب میں رکھیں ہم نے اپنا انتظام کیا ہوا ہے۔

عبدالغفور حیدر ی نے کہاہمارے کارکن اپنا انتظام کرکے آئے ہیں، بارش اللہ کی رحمت ہے یہ حکمران زحمت ہیں، بارش اور سردی سے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اسلام آباد میں بارش کے بعد دھرنے میں شامل شرکاءکی مشکلات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو دھرنے کے مقام پر جانے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد دھرنا شرکاءکی مدد بھی کی گئی اور بعض بیماروں کو طبی امداد بھی دی گئی۔

سینیٹر عبدالغفور حیدری نے سینیٹ اجلاس میں بھی اظہار خیال کیا ان کاکہنا تھا 25 جولائی 2018 کو انتخابات کا ڈھونگ رچایا گیا، جعلی انتخابات کرکے عمران خان کو وزیراعظم بنایا گیا، عمران خان کو جعلی انتخابات کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاپی ٹی آئی کے دھرنے میں ڈھول باجے لائے گئے جب کہ آزادی مارچ کے 11 دنوں میں ایک گملہ نہیں ٹوٹا۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا ماضی میں مڈٹرم الیکشن ہوتے رہے ہیں اور ملک میں ڈیڑھ سال بعد مڈ ٹرم الیکشن کی تاریخ بھی موجود ہے۔

Comments are closed.