نواز شریف اسپتال سے ڈسچارج ہوکر، مریم نواز رہا ہو کر جاتی امرا پہنچ گئے
فوٹو : دنیا نیوز
لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف سروسز اسپتال سے ڈسچارج ہو کر اور مریم نواز چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا کر اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہوگئے۔
نوازشریف 16دن تک سروسز اسپتال میں زیر علاج رہے جہاں ان کی دیکھ بھال کے لیے حکومت نے ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔
دوسری طرف چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز بھی ضمانت پر رہائی کے بعد نوازشریف کے پاس سروسز اسپتال میں تھیں اسپتال سے ڈسچارج کے بعد وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ گھر چلے گئے ۔
اس موقع پر شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز اور نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت دیگر عملہ بھی سروسز اسپتال میں موجود تھا جہاں میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز کے حوالے کیں۔
میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے میڈیا کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ ختم ہوگیا شریف، سٹی کے ڈاکٹر اب نوازشریف کو دیکھیں گے، شریف سٹی میڈیکل اسپتال سے آئے ڈاکٹروں کو مکمل طورپر بریف کردیا ہے، نوازشریف کے زیر استعمال 12 کے قریب ادویات جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد سروسز اسپتال کے باہر موجود تھی جنہوں نے نوازشریف کی اسپتال سے باہر آمد پر نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازشریف کو گزشتہ روز ہی سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا لیکن انہوں نے مریم نواز کی رہائی تک اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے انکار کردیا تھا۔
نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ایمبولینس کی بجائے بلٹ پروف گاڑی میں روانہ کیا گیا جب کہ مریم نواز بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوئیں، اس موقع پر اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ راستے میں بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
سابق وزیراعظم کی گھر منتقلی کے بعد جاتی امرا میں بھی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے، جاتی امران پہنچنے پر کارکنان کی بڑی تعداد وہاں بھی موجود تھی جنہوں نے اپنے رہنماؤں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بینرز لگارکھے تھے۔
رہائش گاہ پہنچنے پر کارکنان نے نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی جس پر مریم نواز نے ہاتھ ہلاکر کارکنان کے نعروں کا جواب دیا۔
ادھرترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ڈاکٹر عدنان کی زیر نگرانی شریف میڈیکل سٹی اسپتال نے جاتی امرا میں انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کردیا ہے جہاں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے۔
Comments are closed.