استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں،وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے حکومتی کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے، استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں۔
آج وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر پرویزخٹک اور چوہدری پرویز الٰہی نے اپوزیشن کے مطالبات سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران آزادی مارچ سے متعلق حکومتی حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے.
وزیراعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو مثبت جواب دیا جائے، استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں۔وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں حکومتی کمیٹی آج رہبر کمیٹی سے ملاقات کرے گی۔
یاد رہے کہ آزادی مارچ کے ہر مرحلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں، مذاکرات ہی کے نتیجے میں مارچ کے شرکا کے لیے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں جگہ مختص کی گئی تھی۔
گزشتہ روز بھی حکومتی کمیٹی نے رہبرکمیٹی سے ملاقات کی تھی دوسری جانب چوہدری برادران نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرکے معاملہ حل کرانے کی کوششیں کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے دھرنا سے متعلق واضح لائن اختیار کرنے کے بعد جے یو آئی ف کو احتجاج سے نکلنے کی کوشش ہےاور فیس سیونگ کےلیے فیصلہ رہبر کمیٹی کے ہاتھ میں دیا جاسکتا ہے.
Comments are closed.