فردوس عاشق کی معافی مسترد, 11 نومبر تک جواب جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فردوس عاشق اعوان کی معافی کی استدعا مسترد کر دی۔ 11 نومبر تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیاگیا ہے۔
آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، فردوس عاشق نے عدالت سے پھر غیر مشروط معافی کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے 11 نومبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کہا ہمارے بارے میں دنیا جو کہتی ہے اس سے اثر نہیں پڑتا، 2014 میں بھی ہمارے خلاف باتیں ہوتی تھیں لیکن وہ دوسری جانب سے ہوتی تھی۔
عدالت نے فردوس عاشق سے استفسار کیا آپ 2014 میں دھرنے میں تھیں، ہائیکورٹ بار کے ایک ممبر نے 2014 میں چھٹی کے روز درخواست دائر کی تھی، جب 2014 میں دفعہ 144 میں گرفتاریاں کی جا رہی تھیں تو اسی عدالت نے روکا تھا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اس عدالت نے قانون کے مطابق چلنا ہے اور کسی کو کوئی رعایت نہیں دینی، ہر جج نے اللہ کو حاضر ناظر جان کر حلف لیا ہوتا ہے، سنگین جرم کرنے والے کو بھی شفاف ٹرائل ملنا اس کا حق ہے، چاہے کوئی دہشت گرد ہی کیوں نہ ہو وہ عدالت کے سامنے ملزم ہے۔
اس موقع پر فردوس عاشق اعوان کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ہم گزشتہ روز جواب جمع نہیں کروا سکے، جس پر عدالت نے کہا کوئی بات نہیں آپ اب جواب جمع کروا دیں، ہم کیس پھر سماعت کیلئے مقرر کر دیں گے.
چیف جسٹس نے کہا مجھے لوگ آج کہتے ہیں کہ تمہاری گاڑی کی تصویریں سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں، میرے ساتھ سپریم کورٹ کے جج بیٹھے تھے اور انہیں ن لیگ کا صدر کہا گیا۔ عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی حاضری سے استثنیٰ کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے 11 نومبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔
Comments are closed.