جے یو آئی کا ڈیڈ لائن میں توسیع اورآل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) جے یو آئی ف نے کارکنوں کے مطالبے پر آگے جانے کے بر عکس ڈیڈ لائن میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئےکسی بھی حتمی اقدام کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔

حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے اور مولانا نے اعلان کے مطابق کل آگے ڈی چوک تک جانا تھا لیکن ڈیڈ لائن میں ایک دن کی توسیع کردی ہے.

مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جو چھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں مرکزی شوریٰ ارکان اور صوبوں کے امیر شریک ہوئے۔ اجلاس میں حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد اگلی حکمت عملی پر حتمی مشاورت کی گئی، اجلاس کے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمان پنڈال میں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کو استعفی کے لیے دی گئی ڈیڈی لائن میں ایک دن کی توسیع اور بعد کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

آل پارٹیز کے لیے اکرام درانی کو دیگر جماعتوں کے قائدین سے رابطوں کا ٹاسک دیا گیا ہے، اے پی سی کا دن اور وقت رابطوں کے بعد طے کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے شرکا چوتھے روز بھی سراپا احتجاج رہے ۔ جب کہ  جے یو آئی (ف) کے متعدد کارکن اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مٹر گشت کرتے رہے.

کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنی مدد آپ کے تحت پنڈال کی صفائی بھی کی کچھ کھیل تماشوں میں بھی مصروف رہے۔ کہیں کارکن فٹبال کھیلتے دیکھے گئے تو کہیں چادر کی مدد سے اپنے ساتھی کو فضا میں اچھالتے نظر آئے۔

اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی جانب سے آج فلیگ مارچ کیا گیا۔ اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے.

Comments are closed.