ملکی امن کو نقصان کی اجازت نہیں دیں گے، ترجمان پاک فوج
فوٹو: فائل
راولپنڈی (زمینی حقائق ڈاٹ کام) مولانا فضل الرحمان کی نام لئے بغیر اداروں پر تنقید اور ڈیڈ لائن پر ترجمان پاک فوج کا ردعمل سامنے آیاہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے مولانا فضل الرحمان کی اداروں پر تنقید اور حکومت کو دو دن کی مہلت دینے سے متعلق بیان ردعمل دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل اٰصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج ایک غیرجانبدارادارہ ہے، الیکشن میں آئینی ذمہ داری پوری کی، ہماری سپورٹ جمہوری اور منتخب حکومت کے ساتھ ہوتی ہے۔
ترجمان پاک فوج کاکہنا ہے کہ فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں وہ بتا دیں کہ کس ادارے کی بات کررہے ہیں، ہماری سپورٹ جمہوری طور پر منتخب حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، فوج نے الیکشن میں آئینی اورقانونی ذمہ داری پوری کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال گزر گیا اب بھی اپوزیشن اپنے تحفظات لے کر متعلقہ اداروں میں جاسکتی ہے، سڑکوں پر آکرالزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 20 سال میں بہت مشکل وقت گزارا ہے، پاکستانی قوم اور افواج نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جان ومال کی قربانی دے کر ملک میں امن قائم کیا گیا۔
انھوں نے کہا خیبرپختونخواہ کے عوام نے بھی دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے کے پی کے عوام کو اب فلاح وبہبود کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا، ایل او سی پر بھی معصوم کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے، مشرقی اور مغربی سرحد پر فوج مصروف عمل ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی بربریت اورظلم جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کسی بھی قسم کا انتشار ملک کے مفاد میں نہیں، جمہوری مسائل جمہوری طور پر ہی حل ہونے چاہئیں۔ حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیاں بہتر کوآرڈی نیشن کے ساتھ چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ معاملات بہتر انداز میں آگے چلیں، کسی کو بھی کسی صورت ملکی استحکام خراب کرنے کی یا ملکی امن کو نقصان پہنچانے اجازت نہیں دیں گے۔
Comments are closed.