آزادی مارچ والے کس سے آزادی لینے آئے ہیں ، وزیراعظم


گلگت (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہ کلمہ پڑھنے والا انسانوں کے سامنے نہیں جھکتا اور اللہ سے امید رکھتا ہے، اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے،اللہ نے ہمیں پاکستان کی صورت میں خاص تحفہ دیا،یہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا۔

وزیراعظم عمران خان نے آج گلگت بلتستان کے 72ویں جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی اس موقع پر انھوں نے آزادی پریڈ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاپاکستان کو اپنے پیر پرکھڑا کرنے کی کوشش کریں گے اور پاکستانی قوم دنیا میں مثال بنے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام ف کے آزادی مارچ کے حوالے سے کہا ہے دیکھنا ہے کہ آزادی مارچ والے کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ایک طرف آج گلگت کی آزادی منائی جا رہی ہے اور دوسری طرف آزادی مارچ والے اسلام آباد میں جمع ہیں، دیکھنا ہے کہ آزادی مارچ والے کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

انھوں نے کہا اگر پیپلز پارٹی والوں سے پوچھیں کہ آپ یہاں کیوں جمع ہیں تو وہ مہنگائی کی بات کریں گے، ن لیگ والوں سے پوچھیں تو انہیں تو پتہ ہی نہیں ہو گا اور جے یو آئی والے کہیں گے کہ یہودی اسلام آباد پر قبضہ کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو پاکستان کے خلاف سازش کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے، فضل الرحمان کے مارچ کو دکھا کر بھارتی میڈیا بہت خوش ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ فضل الرحمان بھارتی شہری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام کو ووٹ لینے اور پیسے کے لیے استعمال کرنا اسلام کو نقصان پہنچاتا ہے اور مولانا فضل الرحمان کو دیکھ کر اسلام کی طرف تو کوئی نہیں آئے گا البتہ لوگ اسلام چھوڑ دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام تو مسلمانوں کے عمل سے ظاہر ہوتا ہے لیکن فضل الرحمان کا اسلام تو ڈیزل کے پرمٹ اور کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر بک جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ جو اسلام آباد میں ایک گلدستہ اکٹھا ہوا ہے ان میں اچکزئی بھی بلوچستان سے آ گیا ہے جو جے یو آئی کی مخالفت کرتا رہا ہے، بلاول جو اپنے آپ کو لبرل کہتا ہے، وہ لبرل صرف ایک طرح ہے کہ لبرلی کرپٹ ہے باقی تو لبرل ازم اس کے قریب سے بھی نہیں گزری۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگر راج کے خلاف جنگ لڑی، مسلمان اللہ کے سوا کسی اورکے سامنے نہیں جھکتا، دس سال کے اندر دو سپر طاقتوں نے مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکے۔

وزیراعظم نے کہا مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے کشمیریوں کے انسانی حقوق چھین لیے اور تین ماہ سے کرفیو لگایا ہوا ہے، کشمیریوں کیلئے پیغام ہے کہ دنیا بھر میں آپ کا سفیر بن کر جاوٴں گا۔

عمران خان نے کہا مودی نے 5 اگست کو اپنی آخری پتا کھیل لیا،کرفیو اٹھے گا تو لوگوں کا سمندر آئے گا، میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑوں گا، ان کا وکیل بنوں گا اور اب کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

Comments are closed.