شہباز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ ن کے مستقل صدر منتخب
اسلام آباد( نیوزڈیسک) شہباز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ ن کے مستقل صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے مستقل صدر کے انتخاب کے لئے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پارٹی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے لیکن ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر چاروں صوبوں کے تائید و تجویز کنندگان کے دستخط موجود تھے جن میں راجا فاروق حیدر ، طاہرہ اورنگزیب ، سیدال خان ناصر ، کھیل داس کوہستانی شامل تھے۔
ن لیگ کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا نیازی اور زرداری ملکر بھی ہم پر نہیں بھاری، سب سے زیادہ رونا کے پی کی صورتحال پر آرہا ہے ، کے پی عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام پر بہت بڑا دھوکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا نون لیگ کا مستقبل صدر بننا مشکل مرحلہ ہے، سیاسی زندگی میں نواز شریف سے ہمیشہ رہنمائی حاصل کی۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے ، مجھ سمیت کوئی رکن نوازشریف کی جگہ لینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ نواز شریف جیسا قائد نصیب ہوا ، نوازشریف ہی وہ قائد ہیں جنہیں قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.