عباسیاں میں لوگوں نے زندہ چیتا پکڑ لیا

مری(شمس الر رحمان عباسی، اورنگزیب عباسی) مری سے ملحقہ علاقے عباسیاں میں لوگوں نے آبادی میں گھس آنے والے چیتے کو زندہ پکڑ لیا.

اچانک آبادی کے قریب بیٹھا چیتا دیکھ کر کھلبلی مچ گئی قریب آباد لوگوں نے اطلاع ملتے ہی چیتے کو پکڑنے کی کوشش شروع کر دی، بچے اور خواتین بھی جمع ہوگئے.

تقریباً چاروں اطراف لوگوں کی موجودگی پر چیتے نے بھاگنے کی بجائے ایک مکان کے قریب چھپنے کی کوشش کی اس دوران موقع پاکر مقامی لوگوں نے اس پر چادر ڈال کر چیتا پکڑ لیا.

رہائشی آبادی سے جنگلی چیتا پکڑنے کے عمل میں کئی گھنٹے لگے اس دوران چیتا آبادی کے درمیان موجود رہا اسی لیے لوگ اسےزندہ پکڑنے میں کامیاب ہوگئے.

اس دوران چیتے کو دیکھنے کےلیے علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی چند ماہ قبل بھی مالکوٹ میں ایک چیتاآبادی میں گھس آیاتھاجس کولوگوں نے پکڑکرباندھ لیاتھا.

وہ چیتا بعد میں وائلڈلائف ہزارہ کے حوالے کیاگیاتھا،گلیات کے مختلف علاقوں میں جنگلی چیتے انسانی جانوں کو نقصان بھی پہنچا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود لوگ دلیری سے چیتا دبوچ بھی لیتے ہیں.

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ وائلڈلائف کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اس طرح جنگلی درندے آبادیوں میں داخل ہوتے ہیں، ڈیوٹی پر مامور اہلکار گھروں میں بیٹھے ہوتےہیں.

جب کسی آبادی میں کوئی جنگلی جانور پکڑا یا مارا جائے تو سویا ہوا محکمہ ایکشن لینے کےلیے جاگ جاتا ہے، لوگوں کا کہنا ہے نگرانی پر مامور اہلکاروں کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے.

Comments are closed.