نواز شریف کی لاہور سے ضمانت، اسلام آباد کی عدالت کا انتظار


فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) لاہورہائی کورٹ سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ی کے باوجود نواز شریف کی رہائی میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کا مقدمہ حائل ہے۔

گزشتہ روز نواز شریف کی طبی بنیاد پر ضمانت کی منظوری کے بعد عام تاثر یہ پایا گیا تھا کہ نواز شریف فوری گھر منتقل یا بیرون ملک جانے لگے ہیں لیکن قانونی پیچیدگیاں ابھی مریض کے دامن گیر ہیں۔

واضح رہے کہ نوازشریف العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید ہوئی تھی جب تک اس کیس میں ضمانت نہیں ہوگی تب تک ان کی رہائی ممکن نہیں۔

نوازشریف کو احتساب عدالت سے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت منگل کو ہونی ہے۔

گزشتہ روزنوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر طویل سماعت ہوئی جس کے بعد عدالت نے سابق وزیراعظم کی چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کی ضمانت کے عوض ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ہم میڈیکل رپورٹ پر انحصار کریں تو درخواست گزار کا بیرون ملک سفر کرنا ممکن نہیں ہیں۔

عدالت کے ان ریمارکس کے بعد مسلم لیگی رہنماوں و کارکنوں کی طرف سے ایک جذباتی ماحول بنا تھا کہ نواز شریف شاید فوری طور پر بیرون ملک جانے والے ہیں ۔

۔

Comments are closed.