خواتین صحافیوں کی سعودی سفارتخانے کے میڈیا ہیڈ سے ملاقات


اسلام آباد( راحت علیم) خواتین صحافیوں کے وفد کی سعودی سفارتخانے کے میڈیا سیکشن انچارج علی خالد الدوسری سے ملاقات کی ہے جس میں بین الا قوامی سطح پر سعودی عرب کے کردار پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ر سعودی سفارتخانے کے میڈیا سیکشن انچارج علی خالد الدوسری نے کہاپاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط سے مضبوط ترہونگے۔

انھوں نے اس امید کااظہار کیا کہ دوستی کے اس لازوال رشتے کو دنیا میں مثالی بنانے کیلئے پاکستانی میڈیا اہم کردار ادا کریگا، خاص طور پر سعودی عرب کی ثقافت کے فروغ اور سعودی خواتین کو آگے بڑھنے کے جو مواقع فراہم کئے جارہے اس میں پاکستانی صحافی خواتین بھی پیش پیش ہونگی ۔

علی خالد الدوسری سے ملاقات کرنے والی خواتین صحافیوں مائرہ اعظم، حمیرا شریف، راحت علیم،نرگس جنجوعہ، فوزیہ کلثوم رانا، انیلہ محمود اور افشاں قریشی شامل تھیں۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علی خالد الدوسری کا کہنا تھا مجھے یہ جان کر خوشی محسوس ہورہی کہ پاکستانی خواتین صحافی بھی نہ صرف سعودی عرب کے ویژن2030میں دلچسپی رکھتی ہیں بلکہ اسکی کامیابی کیلئے اپنے قلم کے ذریعے کردار ادا کرنے کی بھی خواہش مند ہیں۔

اْنہوں نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی بھی دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ اس حوالے سے وہ بھی پاکستانی میڈیا سے بھرپور کردار ادا کرنے کی امید رکھتے ہیں۔

مختلف میڈیا گروپس سے تعلق رکھنے والی صحافی خواتین نے بھی علی خالدالدوسری کو اپنا مثبت رول ادا کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ یہ بھی باور کرایا کہ صحافت کے علاوہ ایک مسلمان ہونے کے ناطے بھی ہم سرزمین سعودی عرب کیساتھ محبت کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

آخر میں انچارج میڈیا سیکشن علی خالد الدوسری اور میڈیا سیکشن کی سینئر افسر ریحانہ خان نے جرنلسٹ خواتین وفد کا شکریہ ادا کیا اور اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

Comments are closed.