امید ہے دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی، وفاقی وزیر مذہبی امور


فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے ہمیں امید ہے دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی اور مذاکرات کے ذریعے بہتری کی امید ہے، پاکستان کے لیے جو بہتر ہوگا وہی اقدام کریں گے۔

نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) سے اچانک مذاکرات ملتوی کرنے کی وجہ رہبر کمیٹی سے رائے لینا تھی۔

انھوں نے کہا مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی سے رائے کی غرض سے بات چیت ملتوی کرائی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے رہبر بھی مولانا فضل الرحمان خود ہیں۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان سمجھ دار انسان ہیں وہ بند گلی کی طرف نہیں جائیں گے،، انتظامی معاملات انتظامیہ اپنے طور پر طے کرتی ہے، آزادی مارچ کے حوالے سے صوبائی حکومت کی الگ اور مرکزی حکومت کی الگ حکمت عملی ہے۔

صحافیوں کی طرف سے اپوزیشن کو دھرنے کے لیے کینٹینر فراہم کرنے کے وعدے کے سوال پر وفاقی وزیرنے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس کنٹینرز کو زنگ لگ گیا وہ اب زنگ آلود ہوچکا ہے۔

Comments are closed.