جے یو آئی ف کی لٹھ بردار تنظیم انصار الاسلام کالعدم قرار
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پشاور میں باوردی مارچ کے بعد جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی 18 اکتوبر کی سمری پر انصارلا سلام کو کالعدم قراردینے کی منظوری وفاقی کابینہ نے سرکولیشن پر دی ہے، وزارت داخلہ کی سمری میں جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم پر پابندی کی سفارش کی گئی تھی۔
وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بارے میں وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی سطح پر انصارالاسلام کو کالعدم قرار دینیکا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا ۔
اس سے قبل وزارت داخلہ نے انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کیلئے وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو جو سمری بھیجی تھی اس میں کہا گیا تھا کہ جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم لٹھ بردار ہے اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، قانون میں کسی قسم کی مسلح ملیشیا کی اجازت نہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے باوردی لٹھ بردارمحافظ دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محافظ دستے سے سلامی لے رہے ہیں،
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جے یو آئی ف کے محافظ دستے کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کی جماعت اسلامی کے علاوہ تمام اپوزیشن کی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
Comments are closed.