چائنہ حب پاور جنریشن پلانٹ کا افتتاح،100 سال تک بجلی بناسکتے ہیں، وزیراعظم
حب(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے 1320 میگاواٹ چائنہ حب پاور جنریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا، عمران خان نے کہا کہ منصوبے کے لیے 20 فیصد کوئلہ تھر سے لانے کی گزارش کرتا ہوں، یہ سی پیک کا پہلا جوائنٹ منصوبہ ہے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک کرپشن پر قابو نہیں پاتے تب تک باہر سے سرمایہ کاری نہیں آتی ہے، تھر میں 185 ارب ٹن کا کوئلہ موجود ہے، تھر کے کوئلے سے 100 سال تک بجلی بناسکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان میں سونے اور تانبے کے ذخائر دنیا میں سب سے بہتر ہیں، ریکوڈک میں باہر سے بڑی کمپنیاں کام کرنے آئی تھیں، کمپنیوں نے باہر جاکر پاکستان کے خلاف مقدمہ جیت لیا،
عمران خان نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں، سی پیک کے تحت مشترکہ منصوبے خوش آئند ہیں، پاکستان میں پانی سے بجلی بنانے کے مواقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، ڈالر مہنگا ہوتا ہے تو بجلی کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، ماضی میں گیس سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر کام نہیں ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ کراچی کو پانی کی بہت ضرورت ہے، حکومتی ادارے پیسے بنانے کے لیے پراجیکٹ میں تاخیر کرتے ہیں، حکومت نے کاروباری افراد کے لیے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کے مستقبل کے لیے صاف اور شفاف گورننس دینی ہے، سی پیک کی بدولت آنے والا دور ہمارے لیے سب سے بڑے مواقع ہیں، پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے بہت اہمیت حاصل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے مراکز کھول رہے ہیں، اپنے وسائل سے بجلی پیدا کرنے سے آسانیاں پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے سے ٹولے نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے ملک کو نقصان پہنچایا، سی پیک کے ذریعے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، چین کے زرعی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.