شہباز شریف کا آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان

لاہور (ویب ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے جے یو آئی کے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت ہر میدان میں فیل ہو چکی ہے ۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں حکومت مخالف احتجاج پر مشاورت کی گئی۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اکتیس اکتوبر کو جلسے میں مطالبات پیش کریں گے۔

شہباز شریف نے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک میں کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، عوام مہنگی ادویات سے پریشان ہیں، پورے ملک میں کاروبار بند ہیں۔ آج جو کچھ ہو رہا ہے، وہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے اور نئے انتخابات ہونے چاہیں۔ آزادی مارچ سے متعلق نواز شریف کی ہدایات ہمیں ملیں گی۔ 31 اکتوبر کو جلسہ میں اپنے مطالبات پیش کریں گے، اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا عوام سے وعدہ کیا کہ اگر صاف اور شفاف الیکشن کے نتیجے میں انھیں دوبارہ حکومت بنانے کا موقع ملا تو وہ اسی معیشت کو انشا اللہ صرف 6 ماہ میں اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے دکھائیں گے۔

ہم پاکستان کو ایک اونچے درجے پر لے کر گئے اور انشا اللہ دوبارہ بھی لے کر جائیں گے۔ صرف یہی ہماری منشا ہے، اس کے علاوہ کوئی اور چیز سے سروکار نہیں ہے۔ اس حکومت نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے، ہم دوبارہ پاکستان کو اس کے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.