برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچ گیا، گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا
لاہور(ویب ڈیسک) اسلام آباد اور چترال کے دورے کے بعد برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچ گئےہیں ۔
لاہور پہنچنے پر شاہی جوڑے کا استقبال گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا۔ برطانوی شاہی جوڑا لاہور آمد کے موقع پر دوپہر ساڑھے 12 بجے ایس او ایس ویلج میں تقریب میں شرکت کی ۔ بعد ازاں شاہی جوڑا دوپہر1 بج کر 30 منٹ پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی جائے گا۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شاہی جوڑے کے خصوصی استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ شہزادہ ولیم کرکٹ اکیڈمی میں کرکٹ بھی کھیلیں گے اکیڈمی میں 40 منٹ قیام کیا جائے گا.
شاہی جوڑا دوپہر 3 بجے بادشاہی مسجد جب کہ 4 بجے شوکت خانم اسپتال میں منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کرے گا۔ شاہی جوڑے کو لاہور میں صدارتی پروٹوکول دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی شب 5 روزہ تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ شاہی جوڑے نے اپنے دورے کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سرکاری اسکول سے کیا، بعد ازاں صدرو وزیراعظم سے ملاقات کی۔
رات کو اسلام آباد کی قومی یاد گار پر شاہی جوڑے کے اعزاز میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس میں پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اور شوبز و اسپورٹس کی اہم ترین شخصیات نے شرکت کی۔
شاہی جوڑا اپنے دورے کے تیسرے روز صوبہ خیبرپختونخوا و شمالی علاقہ جات پہنچا اور 17 اکتوبر کا دن چترال کی حسین وادیوں میں گزارا۔ اس کے بعد شاہی سواری کوہ ہندوکش، چترال کے پرفضا مقام بروغل اور کیلاش پہنچی۔
1991 میں پرنس ولیم کی ماں لیڈی ڈیانا نے بھی چترال کا دورہ کیا تھا اوراس موقع پر انہوں نے پرندے کے پر سے سجی روایتی چترالی ٹوپی پہنی تھی۔
شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
Comments are closed.