وزیراعظم آج کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے


فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے آج کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

اسلام آباد میں پروگرام سے متعلق صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے نوجوانوں کے امور کے بارے میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ پروگرام میں نوجوانوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرتے ہوئے روزگار کے مواقع یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ پروگرام پر عوام کے ٹیکس کی رقم خرچ نہیں ہوگی اور اس کیلئے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے تعاون کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کے روشن مستقبل کے اہداف کے حصول کے لئے انہیں مدد دینے کے لئے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی وضع کرے گی۔

حکومت کے کامیاب نوجوان پروگرام میں ملک بھر سے نوجوانوں کی شمولیت ممکن بنانے کا حکومت نے اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان جو یوتھ پر ہمیشہ توجہ دیتے اور انھیں ملک کا مستقبل قرار دیتے رہے اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے رہے ہیں حکومت میں آنے کے بعد نوجوانوں کیلئے کچھ کرناچاہتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے اس حوالے سے ویڈیو بیان جاری کیا تھا، جس میں کہا ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے اچھی اور بڑی خبر ہے، وزیراعظم کے بعد کابینہ نے پروگرام کی توثیق کر دی،ع مشکل معاشی حالات کے باوجود 100 ارب مختص کر دیں گے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا ، کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے، گزشتہ 8 ماہ کی انتھک محنت کے بعد جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے، 10 لاکھ نوجوان براہ راست پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔

معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز نے کہا پروگرام سے وزیراعظم کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن آگے بڑھائیں گے، نوجوانوں حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہو جائیں، کامیاب جوان پروگرام ملک کے نوجوانوں کی قسمت بدل سکتا ہے۔

یاد رہے 17 مئی کو وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار سے ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پروگرام نوجوانوں کوبا اختیار، روزگارکی فراہمی کا منصوبہ ہے، حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی، ملک کی تعمیروترقی میں نوجوانوں کا کردارنظراندازنہیں کر سکتے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع، تعلیم اور ہنرمند بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی، نوجوانوں کی ترقی سے متعلق بنیادی خاکہ مرتب کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نیشنل یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جاچکی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم یوتھ پورٹل تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں سے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے رائے اور تجاویز حاصل کی جاسکیں گی۔

اس سے قبل 18 جنوری کو حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بارنوجوانوں سے متعلق قومی سروے کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور عثمان ڈار نے”کامیاب نوجوان” کے نام سے منصوبے کی منظوری دی تھی، پروگرام کا باقاعدہ آغاز آج وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔

Comments are closed.