مولانا اور اپوزیشن کے تحفظات دور کریں گے، سربراہ حکومتی کمیٹی
فوٹو :فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)جمعیت علمائے اسلام ف کے امیرسے مزاکرات کیلئے بنائی گئی حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے مولانا کو جرگے میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
وزیر دفاع اور پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نجی ٹی وی اے آر وائی سے گفتگو کررہے تھے،انھوں نے کہا کور کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی کمیٹی چاہتی ہے جرگہ بیٹھے اور اس میں بات چیت ہو۔
حکومتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بات ہوگی، کوئی ایسا ایشو نہیں ہے جس کی وجہ سے مولانا دھرنا دے رہے ہیں، ایسا بھی نہیں ہو سکتا کہ کہا جائے اسلام آباد پر قبضے کے لیے آ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا ایشو ہی کوئی نہیں ہے اور کہا جا رہا ہے حکومت چھوڑ دیں، یہ ناممکن ہے، بیانات ابتدا میں سخت آتے ہیں لیکن گفتگو سے مسئلے کا حل نکال لیا جاتا ہے، بات چیت کرنے میں کیا حرج ہے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا اپوزیشن کے تحفظات درست ہیں تو انھیں دور کریں گے، مولانا فضل الرحمان ایشوز تو بتائیں جن پر مارچ یا دھرنا دینا چاہتے ہیں، مجھے یقین ہے مولانا فضل الرحمان میری بات کو رد نہیں کریں گے، اپوزیشن آئے اور جو ملکی مسائل ہیں انھیں مل کر حل کریں۔
انھوں نے کہا میں بھی پٹھان ہوں، فضل الرحمان بھی، پٹھانوں میں جرگوں میں مسئلے حل ہوتے ہیں، مل بیٹھ کر مسائل کا حل ڈھونڈیں گے، اپوزیشن سے بالواسطہ رابطے کر رہا ہوں، صرف مولانا نہیں دوسری جماعتوں سے بھی بات کروں گا۔
وزیر دفاع نے کہا مذاکرات مسترد کر نے کا مولانا نے سخت بیان دیا، امید ہے وہ میری بات سمجھ جائیں گے،اپوزیشن کے دیگر رہنماوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے۔
یاد رہے مولانا فضل الرحمان نے 27مارچ کوحکومت مخالف آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے ا پوزیشن کی بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، اے این پی سمیت اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں نے بھی مولانا کی حمایت کردی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پہلے کہا تھا کہ ان کی باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں، پھرمزاکرات کا آپشن کھلا ہونے کا بیان دیا تھا جب کہ گزشتہ روز حکومت نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پرویز خٹک کی سربراہی میں مزاکراتی کمیٹی بنا لی ہے۔
Comments are closed.