کشمیریوں کاانوکھااحتجاج،بھارت مخالف نعرہ بازی والے سیب گردش کرنے لگے

فوٹو: کشمیر میڈیا سروس

مظفر آباد(ویب ڈیسک)کشمیریوں نے بھارت کے خلاف احتجاج کا انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے فروٹ مارکیٹ میں بھارت مخالف پیغامات والے پھلوں کی فروخت شروع کر دی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کی فروٹ مارکیٹ میں بھارت مخالف پیغامات والے سیب فروخت کے لیے لائے گئے ہیں، سیبوں پر پاکستان زندہ باد، لوَ برہان وانی اور میری جان عمران خان کے پیغامات درج ہیں۔

جموں پہنچنے والے ان سیبوں پر ہم کیا چاہتے آزادی اور گو انڈیا گو بیک کے پیغامات بھی درج ہیں۔پیلٹ گنوں کے سامنے بھی کشمیریوں کے احتجاج کو دنیا دیکھتی ہے لیکن اس بار منفرد انداز اپنایا جارہا ہے.

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے جس کے باعث تمام تعلیمی ادارے بند، اشیائے خوردونوش کی قلت اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارتی فورسز کی جانب سے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں کا استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جا رہی ہے جب کہ حریت قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور قابض افواج نے اننت ناگ میں محاصرے کے دوران فائرنگ کر کے تین کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

اس کے علاوہ قابض بھارتی افواج نے حریت رہنما  محمد حیات بٹ کو سری نگر سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ گزشتہ روز فاروق عبداللہ کی بہن اور بیٹی کو بھی گرفتار کیا تھا.

مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ ایک سلسلہ جاری ہے تاہم جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد ماہرین عمران خان کے حق میں بھی نعرہ بازی کرتے ہیں.

Comments are closed.