شہزادہ ولیم، شہزادی کیٹ مڈلٹن کا چترال میں شاندار استقبال، نظاروں میں کھو گئے
چترال(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا چترال پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا،دونوں کو پہلےروایتی ٹوپی پہنائی گئی اور پھر گرمل لباس پیش کیا گیا.
چترال پہنچنے سے پہلے اور بعد میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وادیوں اور ہمالیہ کی برف پوش پربتوں کا نظارہ کیا۔ شاہی مہمان صاف پانی کے چشموں اور حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔
جب مقامی لباس سر پر چترالی ٹوپی، کاندھے پر روایتی گرم شال، چمڑے کی جیکٹ اور لانگ شوز کیٹ مڈلٹن نے پہنے تو وہ چترالی ثقافت میں رنگ گئی اورکوہ قاف کی شہزادی نظر آئیں، شہزادہ ولیم بھی سفید چغے میں ملبوس تھے۔
شاہی جوڑا مقامی کیلاش قبیلے کے روایتی رہن سہن کا مشاہدہ بھی کرے گا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنے مختصر قیام کے دوران چترال میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی استعداد کار کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے گلیشیئرز پر اثرات کا بھی جائزہ لے گا۔
برطانوی شاہی جوڑا کل لاہور پہنچیں گا اور شیڈول کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شاہی مہمانوں کا لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے۔ شاہی جوڑے کی گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
شاہی مہمان بے سہارا بچوں کو ملنے ایس او ایس ولیج بھی جائیں گے۔ برطانوی جوڑا بادشاہی مسجد میں مذہبی برداشت کے موضوع پر منعقد تقریب میں بھی شریک ہوگا۔ پلان کے مطابق شاہی مہمان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن شوکت خانم ہسپتال کا دورہ بھی کریں گے۔ برطانوی جوڑا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرے گا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان رائل فیملی کا استقبال کرینگے۔
کرکٹ اکیڈمی میں چالیس منٹ قیام کے دوران شہزادہ اور شہزادی کرکٹ بھی کھیلیں گے، اس کے بعد برطانوی شاہی جوڑا رات واپس اسلام آباد پہنچ جائے گا۔
یاد رہے برطانوی شاہی جوڑے نے گزشتہ روز اسلام آباد میں مصروف دن گزارا، شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی جبکہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
صدر عارف علوی کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اورغربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کو سراہا۔ اس دوران شہزادی نے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا جو پاکستان کے پرچم میں موجود رنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔
بعد میں معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن مسکراتے ہوئے گاڑی سے اتریں اور وزیر اعظم عمران خان سے ہاتھ ملایا، شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفید شلوار قمیض اور سیاہ واسکٹ میں ملبوس وزیر اعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم نے جدید دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں،عدم مساوات اور تعلیم جیسے چیلنجز کے معاملات سے متعلق آگاہی پھیلانے پر شاہی جوڑے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا شاہی جو ڑے کے پاکستانی نوجوان طبقے کیساتھ روابط اور مثبت سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔
Comments are closed.