سی ای او پی آئی اے سے منشیات برآمدگی پر رپورٹ طلب

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پیرس میں پی آئی اے فلائٹ سٹیورڈ سے چارکلو ہیروئین برآمدگی کا معاملہ پر سیکرٹری ایوی ایشن نے سی ای او پی آئی اے سے چار دن میں رپورٹ طلب کرلی

ذرائع کے مطابق سیکرٹری ایوی ایشن نے سی ای او پی آئی اے کو خط تحریر کردیا ہے جس میں سی ای او پی آئی اے مشرف رسول سے کہا گیاہے کہ چار دن میں طیارے سے منشیات برآمدگی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں کہاگیا ہے کہ منشیات سمگلنگ میں ملوث اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کا تعین کرکے رپورٹ دی جائے،

یہ بھی بتایا جائے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر طیارے کی مناسب چیکنگ کیوں نہیں کی گئی،طیارے کی چیکنگ کرنے والے اد اروں سے بھی اس حوالے سے جواب لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق یہ واضح کیاگیاہے کہ بین الاقوامی پرواز کی روانگی سے قبل کسٹمز،اے این ایف،اے ایس ایف اور پی آئی اے کا عملہ چیکنگ کرتا ہے۔

یادرہے گزشتہ روز پیرس میں پی آئی اے کے فلائٹ اسیورڈ تنویر گلزار سے منشیات برآمد ہونے پر فراسیسی حکام نے اسے حراست میں لے لیا
تھا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی مذکورہ پرواز گذشتہ روز اسلام آباد سے براستہ میلان پیرس پہنچی تھی، جہاں ایئرپورٹ پر کسٹمز کی چیکنگ کے دوران تنویر گلزار کو مشتبہ قرار دے کر روکا گیا۔ تنویر گلزار نے منشیات اپنے لباس کی خفیہ جیب میں چھپا رکھی تھی۔

Comments are closed.